ایجوکیشن فیلوز کی سکولوں میں تعیناتی کے بہتر نتائج سامنے آئیںگے، ڈائریکٹرتعلیم دیامراستور ڈویژن
استور(طاہریوسف) ڈائریکٹرایجوکیشن دیامراستورڈویژن فقیراللہ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے تیار کی جانے والی سفارشات پر گلگت بلتستان کے سکولز و کالجز میں طلبا کےلئےعہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کو باقدہ عمل میں لایا گیا ہے جس کے جلد بہتر نتائج سامنےآئیںگے۔
استورگرلزہائی سکول عیدگاہ میں ایجوکیشن فیلوز کے تحت نئے تعینات ہونے والے اساتذہ کے لیے آغا خان یونیورسٹی برائے پروفیشنل ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر نگرانی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئےڈائریکٹرایجوکیشن دیامراستورڈیژن فقیراللہ نے کہا ہے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم کی عوام دوست اقدامات کے ذریعے صوبے کے طول وعرض میں طلبا کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیےعملی کوششیں کی جاری ہیں۔ گلگت بلتستان کےاسکولوں اورکالجوں میں اساتذہ کے کمی دور کرنے کیلئے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی عمل میں لانے کیلئے آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے ایجوکیشن ڈویلپمنٹ (اے کے یو۔ آئی ای ڈی)قراقرم انٹرنیشنل پر مشتمل کنسورشیم کیساتھ کئے گئے معاہدے پرعملدرآمد یقینی بناتے ہوئے گلگت بلتستان میں اساتذہ کی تعیناتی کا عمل اختتام پذیرمراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی درسگاہوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کے بہتر نتائج سامنے آئیںگے۔اساتذہ کی کمی کے تدارک کے لیے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی خوش آئندہ ہے۔
فقیر اللہ نے کہا ایجوکیشن فیلوز کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا مقصد معیارتعلیم کو یقینی بنانا ہے کیونکہ مستقل ملازمت کے برعکس ان غیر مستقل ملازمتوں پرخدمات فراہم کرنے والوں کو کارکردگی نہ دکھانے کی صورت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ان کی جگہ زیادہ قابل اورذمہ دار تعلیمی فیلوز کو بھرتی کیا جاسکتا ہے اوراس پرباقدہ عملدرآمد شروع کرکے کارکردگی نہ دکھانے والے دواساتذہ کو چلاس فارم کے ایک سکول میں نوکری سے نکل دیا گیا ہے۔ ان کامزید کہا تھا کہ ان ایجوکیشن فیلوز کو پورے خطے میں بلا تفریق اور ضرورت کے مطابق تعنیات کیا گیا ہےجبکہ انہیں تدریس، مقامی تعلیمی سیٹ اپ، گیم بیسڈ لرننگ اوران کے ڈومینز میں قابل بنانے کے لیے درکار دیگر ٹولز کی سخت تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ فقیر اللہ نے کہا محکمہ تعلیم معیاراورحاضری کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی سروس پرووائیڈر کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی اور ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ان سکولوں میں محکمہ تعلیم کے افسران کم از کم ہفتہ میں ایک دورہ ضرور کریں ان اقدامات کے سرانجام دینے سے یقین ہے کہ یہ منصوبہ خطے کے عوام کی امنگوں کے مطابق ایک یادگاراورموثر ثابت ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈاٸریکٹرتعلیم استورگلاب الدین نے کہا ایجوکیشن فیلوز پروجیکٹ کا مقصد تعلیمی اصلاحات کے پروگرام کو اساتذہ کی بھرتی اور تربیت کے اعداد و شمار کے ساتھ آگاہ کرنا اور اس شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی تاثیر کا جائزہ لینا ہے۔ اساتذہ کی کمی کی وجہ سے سکولوں کی کارکردگی شدید متاثر ہو رہی تھی اب اس پروجیکٹ کی وجہ سے اس مسلے کے حل میں کافی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم استور ضلعے میں تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جہاں اداروں کی حالت زار کو بہتر کررہے وہاں پر اساتذہ اور سربراہان ادارہ کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرنے کے لیے کئی اقدامات پر عمل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا سکولوں میں سربراہ ادارہ کی بہترین حکمت عملی سے اچھے نتائج کے علاوہ غیر نصابی سرگرمیوں میں تبدیلی رونمالائی جاسکتی ہے۔
منظم اور اچھے ایڈمنسٹریٹر سے جہاں تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے وہاں پر بچوں کی ادارہ کے اندر بہترین کردارسازی اور تربیت کی جاسکتی ہے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی ڈاٸریکٹرتعلیم استورنے کہا “تعلیم کے بغیر ہم نامکمل ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں خود کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔
نئے تعینات ہونے والے اساتذہ سے مخاطب ہوکر گلاب الدین کا کہنا تھا آپ کا پیشہ نہایت اہم ہے اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ آپ کا فرض ہے کہ معاشرے کے تمام افراد کے ساتھ مل کرعملی جدوجہد کرکے ضلعے کے بچوں کو علم کی دولت سے آراستہ کرنا ہوگا۔ ہم سب کو یہ عہد کرنا ہے کہ اپنے بچوں کو پڑھ لکھ کرایک باشعور شہری بنننے میں ان کی ہر طرح سے رہنمائی کریں گے”۔
انہوں نے کہا استور میں اساتذہ کے تعلیمی ،فنی اور پیشہ وارانہ فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ اس سے قبل دیگر ذمہ داران نے اظہار خیال کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے اس اہم منصوبے کے آغا ز کو قابل تحسین کوشش قرار دیتے ہوئے اپنی طرف سے ہر طرح کی تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کروادی۔