اہم ترینگلگت بلتستان

بجلی بلات ادانہ کرنیوالے صارفین کے کنکشنز منقطع، قانونی کارروائی کا فیصلہ

گلگت (وطین نیوز) ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ خزانہ، برقیات، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد مالی سال 25-2024 کے دوران بجلی وصولی کے اہداف کو حاصل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔اجلاس کے دوران سیکریٹری برقیات نے ممبران کو مالی سال 2024-25 کے بجلی وصولی کے ہدف سے آگاہ کیا، جس کے مطابق محکمہ برقیات کو 2 ارب 56 کروڑ روپے کی وصولی کا ہدف دیا گیا ہے۔

مارچ 2025 کے اختتام تک ایک ارب روپے کی وصولی کی جا چکی ہے، لیکن ابھی بھی پرائیوٹ صارفین پر خطیر رقم واجب الادا ہے جس کی وصولی کے لیے محکمہ برقیات انتظامیہ کی مدد سے سخت اقدامات کر رہا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے نادہندگان سے وصولی کے لیے محکمہ برقیات کی ریکوری ٹیم کو مقامی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے ایک جامع پلان کے تحت مہم شروع کی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد تمام واجب الادا رقم کی وصولی کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام نادہندگان کو متعلقہ مجسٹریٹس کے ذریعے نوٹس یا سمن جاری کیے جائیں گے،اور بل کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں بجلی کے کنکشن منقطع کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔

تمام غیر قانونی بجلی صارفین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تمام ڈپٹی کمشنرز ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کمیٹی کو پیش کریں گے تاکہ بجلی بلات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ اقدامات گلگت بلتستان میں بجلی وصولی کے عمل کو مؤثر بنانے اور نادہندگان کے خلاف قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button