دیامر ڈیم متاثرین کے مسائل جلد حل ہونگے: ایمان شاہ

گلگت (سٹاف رپورٹر)معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دیامربھاشا ڈیم سے متاثرہ افراد کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وفاقی اور صوبائی سطح پر قائم کمیٹی متاثرین کے مسئلے کے حل کیلئے دن رات کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ روز وفاقی سطح پر ہونے والی میٹنگ میں حکام تک دیامر ڈیم کے متاثرین کا ایشو پہنچایا ہے امید ہے جلد بہت اچھی پیش رفت ہوگی
معاون خصوصی ایمان شاہ نے کہا کہ دیامر ڈیم سے متاثرہ افراد کے مسائل کا جلد حل نکالا جائے گا اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ افراد کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کر رہی ہے جس کے تحت انہیں مالی امداد، متبادل زمین اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے گلگت بلتستان حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور حکومت کو ان کے حل کے لیے تجاویز دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
معاون خصوصی نے کہا ہے کہ رواں سال گلگت بلتستان میں بجلی کا نظام مذید بہتر ہوگا اور پاور کے متعدد منصوبے مکمل ہونگے جس میں قابل ذکر نلتر سولہ میگاواٹ شامل ہے اس کے علاوہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ ایک سو میگاواٹ سولر پاور منصوبے کی فیزبیلٹی تیار کی گء ہے انشاء اللہ بہت جلد اس اہم اور میگا منصوبے پر کام شروع ہوگا
معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی
معاون خصوصی نے مذید کہا کہ ماہ صیام کا مقدس مہینہ پرامن طور پر اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے اور علاقے میں مثالی امن قائم ہے ماہ مقدس کے دوران حکومت، انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں نے امن و امان کے قیام میں مثالی کردار ادا کیا نماز کے اوقات میں سیکورٹی کے بہتر انتظامات کیئے گئے جس پر تمام ذمہ داروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں
انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں نماز تراویح اور ختم القرآن کی روح پرور مجالس میں علماء کرام نے ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے دعائیں کی گلگت بلتستان سطح پر سیکورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا گیا اس موقع گلگت بلتستان پولیس کے ھزاروں جوانوں نے نماز کے اوقات میں فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنایا