اہم ترینگلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ کا دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں کو فعال بنانے کی ہدایت

گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ ریفارمز کمیٹی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روندو، کھرمنگ، گوریکوٹ، گوپس، داریل، تانگیر اور شگر کے 30 بیڈ ہسپتالوں کو مکمل فعال بنانے اور ان پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت کے بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں سیکریٹری صحت آئندہ ایک ہفتے میں سمری تیار کرکے محکمہ پلاننگ میں جمع کرائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے ان ہسپتالوں کو مکمل فعال بنایا جاسکے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو کارڈک ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کیلئے بائیو میڈیکل آلات کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سکردو 250 بیڈ ہسپتال کے تعمیراتی کام کے رفتار کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے صحت کے دیگر منصوبوں کیلئے بھی اس منصوبے کو ایک مثال قرار دیا جو مقررہ مدت سے قبل تکمیل کے قریب ہے۔

پی ایچ کیو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت او رپروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی رفتار کو تیز کریں۔ غیر ضروری ریویجن سے اجتناب کریں۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ غیر ضروری ریویجن کی وجہ سے منصوبے التواء کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے اور عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بھی میسر نہیں آئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بہت جلد پی ایچ کیو ہسپتال کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کیلئے سائٹ وزٹ کریں گے۔ ڈاکٹرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کے نہ ہونے کی وجہ سے دور دراز کے ہسپتالوں میں عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔ سیکریٹری صحت آئندہ کابینہ اجلاس سے قبل ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔ٹرانسفرپوسٹنگ پالیسی کی منظوری میں مزید تاخیر نہیں کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے چلاس ہسپتال کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ڈیزائننگ کا ازسر نو جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہسپتال کی تعمیر جدید تقاضوں کے مطابق سٹرکچر تعمیر کریں اور مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

میڈیکل اور نرسنگ کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کیلئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے ٹائم لائن وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں تاکہ اس منصوبے میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں صفائی کے فقدان کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے ایسے سٹاف کی بھرتیاں کریں جو صفائی کا کام کرسکیں۔

پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ہسپتالوں کی صفائی کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ معاہدہ کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button