سکردو کے شہریوں کو بلا تعطل پانی فراہم کیا جائے، ڈپٹی کمشنر
سکردو (وطین نیوز)ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کی زیر صدارت پانی و بجلی کی موجودہ صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکسیئن برقیات، ایکسیئن واسا، ایکسیئن واپڈا اور جھیل کمیٹی کے ممبران نے شرکت کیں۔
اجلاس میں پانی و بجلی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں ایکسیئن واپڈا نے ڈیم میں پانی کی سطح، ڈیم سے پانی کا اخراج اور بجلی کی پیداوار پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ صبح سے رات گئے تک پینے کے پانی، آبپاشی اور بجلی کی پیداوار کے لئے مختلف اوقات میں شیڈول کے مطابق ڈیم سے پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً پر سکینڈ 80 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اگلے پندرہ دنوں تک کھیتی باڑی اور آبپاشی کے پیک سیزن ختم ہونے تک روزانہ کی بنیاد پر پانی کے اخراج کو روٹین سے دوگنا بڑھایا جائے گا۔ تاکہ عوام الناس کو کھیتی باڑی اور آبپاشی کے لئے وافر مقدار میں پانی دستیاب ہو۔
اس کے علاوہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ بھی ہو گا، اس طرح پانی و بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ اضافی بجلی کو تجارتی اور کاروباری ایریاز کو زیادہ سے زیادہ دئیے جائیں گے تاکہ کاروباری طبقہ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن برقیات کو ہدایات دی کہ وہ بجلی کی صاف شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایکسیئن واسا کو ہدایات دی کہ صبح سکولز، کالجز، یونیورسٹی اور دفاتر جانے کے اوقات میں پانی کی بندش پر خصوصی قابو پایا جائے۔ اس کے علاوہ پورے سکردو شہر میں شہریوں کو بغیر شیڈنگ کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔