داریل تانگیر ایکسپریس وے،اسسمنٹ کا عمل ایک ماہ میں مکمل کیا جائے، وزیر اعلیٰ
گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے داریل تانگیر ایکسپریس وے کی تعمیر کے حوالے سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ داریل تانگیر ایکسپریس وے کی تعمیر سے یہاں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات اور سیاحت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا جس سے عوام کی معیار زندگی بہتر ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ داریل تانگیر ایکسپریس وے کی اسسمنٹ کے عمل کو ایک ماہ کی مدت میں مکمل کیاجائے جس کیلئے اضافی ریونیو سٹاف کو بھی اٹیچ کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر دیامر کو ہدایت کی کہ زمینوں کے حصول کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے سپارکو کی خدمات لی جائیں۔
داریل تانگیر ایکسپریس وے میں مسجد اور ریسٹ ایریاز بھی تعمیر کئے جائیں تاکہ مسافروں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کی اہمیت او رافادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ٹینڈر کے عمل کو شروع کریں۔عوامی نوعیت کے اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
داریل تانگیر ایکسپریس وے کیلئے درکار زمینوں کے ریٹس ریوائز ہوئے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو ریویجن کیلئے جلد پلاننگ کمیشن بجھوایا جائے تاکہ ریویجن میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ، صوبائی سیکریٹری تعمیرات و مواصلات، داریل تانگیر ایکسپریس وے کے کنسلٹنٹ اور ڈپٹی کمشنر دیامر شریک تھے۔