کے آئی یو غذر کیمپس میں رنگارنگ سپورٹس ویک کا آغاز ہوگیا
غذر (وطین نیوز) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں رنگارنگ سپورٹس ویک کا آغاز ہوگیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سپورٹس ویک میں طلباء نے اپنے ٹیموں کی حو صلہ افزائی کے لئے شعبہ جات سے نعرہ بازی کرتے ہوئے ریلی کی شکل میں گراونڈ کی طرف مارچ کیا۔
ریلی میں طلبہ وطالبات نے شعبہ جاتی جھنڈے،پوسٹرز سمیت رنگ بہ رنگ کے ملبوسات زیب تن کیا ہوا تھا۔ سپورٹس ویک میں شامل طلباء کا جوش دیکھنے کے قابل تھا۔سپورٹس ویک کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ضلع غذر کے ڈپٹی کمشنر حبیب الرحمن تھے۔ان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے اراکین، ڈائریکٹر غذر کیمپس ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین و دیگریونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی افسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجودہ تھے۔
ڈپٹی کمشنرغذر نے باقاعدہ والی بال میچ سے آغاز کیا۔ جس کے بعد افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غذر حبیب الرحمن نے ہفتہ کھیل کے بہترین انتظامات کرنے پر سپورٹس کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہااور کھیل کو انسانی صحت کے لیے لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلبا ء کھیل کو کھیل کی حد تک نہ رکھیں بلکہ اس کو قیام امن،بھائی چارگی کے فروغ اور رویوں میں تبدیلی کا ذریعے بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ کھیل انسانی جسم کو صحت مند بنانے کے ساتھ ساتھ ذہنی تندرستی کاضامن بھی ہے۔کھیل صحت مند زندگی کے حصول کیلئے نہایت ضروری ہے۔ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ انسان میں قائدانہ صلاحتیو ں میں بہتری کا ذریعہ ہے۔لہذا طلباء تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ کھیل پر بھی توجہ دیں تاکہ ترقی یافتہ قوم و صحت مند معاشرے کا قیام یقینی ہوسکے۔
انہوں نے کہاکہ ہفتہ کھیل نوجوانوں کو ایک مثبت پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے اور ان کے اندر چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ ہے۔اس سے قبل ڈائریکٹر غذر کیمپس ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین نے کہاکہ غذر کیمپس طلبا ء کے لیے بہترین نصابی سرگرمیوں سمیت ہم نصابی مواقع بھی باہم فراہم کررہی ہے۔جس کا ثبوت کیمپس میں جاری ہفتہ کھیل سے لگا سکتے ہیں۔
یاد رہے ہفتہ کھیل اگلے 5 دن تک جاری رہے گا۔جس میں یونیورسٹی کے شعبہ جاتی ٹیموں کے مابین کرکٹ،فٹ بال،والی بال،باسکٹ بال،رسہ کشی اور بیڈ منٹن کے مقابلے ہوں گے۔