دین سلام سماجی انصاف کے اصولوں اور محنت کشوں کے حقوق کا درس دیتا ہے،حاجی گلبر خان
گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خا ن نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اسلام نے سماجی انصاف کے اصولوں اور محنت کشوں کے حقوق کا درس دیا ہے۔
یکم مئی ہمیں ان کارکنوں کی قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے بنیادی حقوق کو برقرار رکھنے اور کام کے منصفانہ ماحول کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ آج کا دن ہمیں محنت کشوں کی عظمت کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ اپنے اندرون اور بیرون ملک محنت کشوں کے قومی تعمیر کیلئے انمول خدمات کا اعتراف کریں۔
نبی کریم ﷺ کی کئی احادیث میں محنت کشوں کے حقوق، ان کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی اور محنت کش طبقہ کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کی تعلیم دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے محنت کشوں کو اپنا سمجھتے ہیں اور ان کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہم اس امر کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں کہ اقتصادی ترقی کے ثمرات سے محنت کشوں سمیت آبادی کے تمام طبقات خوشحال ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان پہلا صوبہ ہے جس نے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سوشل پروٹیکشن پالیسی منظور کی ہے۔ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے اپنے دیگر اخراجات کو کم کرکے مزدور کی کم از کم اجرت کو 32 ہزار کیا اور تمام عارضی ملازمین کو اس کی ادائیگی یقینی بنائی۔ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان میں محنت کشوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔