اسلام آباد، وزیر اعلیٰ حاجی گلبر کا مسلم ہینڈز سکول آف ایکسی لینس کا دورہ
اسلام آباد (وطین نیوز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا اسلام آباد میں مسلم ہینڈز سکول آف ایکسی لینس کا دورہ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اسلام آباد میں مسلم ہینڈز سکول آف ایکسی لینس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے طلباء، اساتذہ اور انتظامیہ سے بات چیت کی اور طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر اسکول کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تعلیم کی افادیت کردار سازی، اور غیر نصابی سرگرمیوں پر انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء کی مجموعی کردار سازی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے سکول کی جدید ترین سہولیات بشمول جدید کلاس رومز، لائبریری اور کھیلوں کی سہولیات بہم پہنچانے پر سکول انتظامیہ کو داد دی۔
اس موقع پرانہوں نے طلباء کو سخت محنت و لگن کے ساتھ اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ملک کے ذمہ دار شہری بننے کی تلقین کی۔انہوں نے مزید کہا کہ طلباء اور عملے کی لگن اور جذبے سے متاثر ہوں، اور مجھے یقین ہے کہ وہ تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔اس موقع پرسکول انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون اور حوصلہ افزائی کو سراہا۔