ڈپٹی کمشنر سکردو کا پاسپورٹ آفس کا دورہ،سٹاف کی حاضری چیک کی
سکردو (وطین نیوز)ڈپٹی کمشنر سکردو نے پاسپورٹ آفس سکردو کا دورہ کیا اور وہاں سٹاف کی حاضری چیک کی۔ سائلین سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ ڈپٹی کمشنر کا اپنے دورے کے موقع پر کہنا تھا کہ دفتری اوقات کار کی پابندی ہر سرکاری ملازم کے لئے ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر مختلف سرکاری دفاتر، سکولوں وغیرہ کا سرپرائز دورہ کرتے رہیں گے تاکہ دفتری امور اور معاملات میں بہتری آئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے آئی ٹی پارک سکردو کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ تیز ترین انٹرنیٹ کے ذریعے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ پُرسکون ماحول میں طلباء و طالبات کو انٹرنیٹ کی سہولیات مہیا کرنا خوش آئند ہے۔ مزید برآں انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ہمراہ نئے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی آفس کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ جتنا کام باقی رہتا ہے اسے جلد از جلد مکمل کریں تاکہ آفس کو یہاں منتقل کر کے دفتری امور کی انجام دہی موثر انداز میں باقاعدگی کے ساتھ کیا جا سکے۔ اور سائلین کو بیٹھنے کے لئے مناسب جگہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔