اہم ترینگلگت بلتستان

وفاقی حکومت بابو سر ٹنل کی تعمیر کیلئے جلد اقدامات اٹھائیگی، وفاقی وزیر مواصلات

اسلام آباد (وطین نیوز)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان سے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر انہیں مبارکباد بھی دی اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان کے ہمراہ صوبائی وزیر زراعت انجینئر محمد انور اور صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا بھی تھے،

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے وفاقی وزیر مواصلات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابوسر ٹنل کی فزیبلٹی جلد از جلد مکمل کر کے ترجیحی بنیادوں پر ٹنل کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے کیونکہ بابوسر ٹنل وقت کی ضرورت ہے، اس ٹنل کی تعمیر سے مسافروں اور سیاحوں کو بہترین سفری سہولیات ملیں گی اور سفر گھٹ کر کم ہو جائے گا، اس ٹنل کی تعمیر سے قراقرم ہائی وے پر بھی بوجھ کم پڑے گا اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے مزید مواقع میسر آئیں گے،

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ بابوسر روڈ کو جلد ازجلد ٹریفک کیلئے کھولنا ناگزیر ہے کیونکہ قراقرم ہائی وے سے متصل دو مختلف ڈیم داسو اور دیامر بھاشا کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ بارشوں سے لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے آئے روز سڑک کی بندش کا معاملہ درپیش ہے اسی وجہ سے بابوسر روڈ کو وقت سے پہلے کھولنے کیلئے کام تیز کیا جانا چاہئے،

وزیر اعلی نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ میں پہاڑ سے پتھروں کے گرنے کی وجہ سے کئی حادثات ہوئے ہیں اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ سیاحت ا ور دفاعی اعتبار سے جگلوٹ سکردو روڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ جگلوٹ سکردو روڈ پر سلائیڈنگ کی وجہ سے بندش سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ بلتستان میں پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خوردنوش کا بھی قلت کا سامنا رہتاہے۔ لہٰذا اہم شاہراہ میں ضروری مقامات پر ٹنلز کی تعمیر اور محفوظ بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلی نے وفاقی وزیر کو کہا کہ ہنزہ خنجراب روڈ اور گلگت شندور روڈ کے معاوضے اور سیاحت کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کر کے روینیو حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے، وزیر اعلی گلگت بلتستان نے ضلع دیامر کا علاقہ ڈرن گوہر آباد میں آر۔سی۔سی پل کی ہنگامی ضرورت ہے اور فوری طور پر وہاں پل کی تعمیر یا متبادل حل تلاش کیا جائے تاکہ عوام کا دیرینہ مسلہ حل ہوسکے،

وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت سیاحت کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور یقین دلاتا ہوں کہ بابوسر ٹنل کو تعمیر کرنے میں وفاقی حکومت بھر پور کردار ادا کرے گی اور بابوسر روڈ کو جلد از جلد کھول دیا جائے گا، وفاقی وزیر نے کہا کہ دیامر ڈرن گوہر آباد میں پل کے مسلے کو بھی حل کیا جائے گا اور جے۔ایس۔ار کی بہتری اور مینٹیننس کو بھی یقینی بنایا جائے گا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ہمارے دل کے قریب ہے اور وہاں کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے وعدہ کیا کہ وہ ہنزہ خنجراب اور گلگت شندور روڈ کے معاوضوں کی ادائیگی سمیت سیاحت کے شعبے میں تعاون کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ بہت جلد گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button