اہم ترینگلگت بلتستان

گلگت بلتستان،وزیر اعظم اور صدر پاکستان کے حق میں پیش قراردار مسترد

گلگت(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان اسمبلی نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کو شفاف قراردیکر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اصف علی زرداری کو مبارک باد دینے کی قرارداد کو کثرت رائے سے مسترد کردیا،
منگل کے روز سپیکر اسمبلی نذیر احمد کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی انجینئر محمد انور نے ایوان میں قرارداد بابت خراج تحسین جس کا متن تھا کہ 8فروری کو ملک میں ہونے شفاف،آزادانہ،اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان،افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جبکہ نومنتخب صدر مملکت آصف علی زرداری  اور نومنتخب  وزیراعظم پاکستان شہبازشریف،اراکین پارلیمنٹ،کو مبارک با دپیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی تعمیروترقی پر وفاقی حکومت خصوصی توجہ دیگی مذکورہ قرارداد پر حکومتی ممبران دو حصوں میں تقسیم ہوگئے اسی طرح  پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اراکین نے قرارداد کی حمایت کردی جبکہ تحریک انصاف فارڈ بلاگ کے اراکین،وزیرداخلہ شمس لون،وزیرقانون سہیل عباس شاہ،سینئر صوبائی وزیرحاجی عبدالحمید،صوبائی مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریازمان،اور جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی وزیررحمت خالق  نے قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور ایوان میں خاموش بیٹھے رہے جبکہ اپوزیشن کے تمام اراکین نے عام انتخابات کے انعقاد پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے شدید مخالفت کردی
اسی دوران سپیکر نے قرارداد پر ووٹنگ کرائی تو اپوزیشن اراکین کی کثرت سے ظاہر ہونے پر سپیکر اسمبلی نے خراج تحسین کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد کردی اس دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ حکومتی ممبران نے قرارداد کو سپورٹ نہیں کیا جبکہ اپوزیشن اراکین کی اکثریت نے قرارداد کی مخالفت کردی ہے اور یہ قرارداد منظور نہ ہوسکی ہے اس سے قبل قراردادپر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہا کہ کوئی بھی باشعور شہری یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات شفاف ہوئے ہوں کسی بھی لحاظ سے انتخابات کو شفاف قرارنہیں دیا جاسکتا ہے جبکہ پاک فوج نے گزشتہ دنوں واضح طو پر بیان جاری کیا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے اس کے باوجود حکومتی رکن انجینئر انور نے اپنی قرارداد میں پاک فوج کو انتخابات کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران امیدواروں کے کاغذات چھین لئے گئے اور گرفتاریاں کی گئی ایسے میں کیسے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ انتخابات شفاف ہوئے ہیں قرارداد پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن رکن جاوید منوا نے کہا کہ قرارداد کے متن کو وزیراعظم اور صدر کو مبارک باد دینے اور گلگت بلتستان کے مالی مسائل کے حل کے لئے کرداراداکرنے تک محدود کرکے منظور کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان کی طرف سے وفاق کوایک اچھا پیغام جائیگا انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابات کا ذکر کرنے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین کی طرف سے اس قراداد کو سپورٹ حاصل نہیں ہوگا اس لئے متن کو درست کیا جائے قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عبید اللہ بیگ،رکن اسمبلی کلثوم الیاس،اور دیگر اپوزیشن اراکین نے مخالفت کردی جس کے بعد ایوان میں سپیکر نے قراداد پر ووٹنگ کرائی تو حکومتی بنچز پر پانچ اراکین کی عدم حمایت کے باعث یہ قرارداد کثرت رائے سے مسترد ہوگئی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button