اہم ترینگلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ کی رمضان المبارک میں سحری و افطار میں بجلی فراہمی کی ہدایت

گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ صوبائی سیکریٹری داخلہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اورغیر معیاری اشیاء کیخلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔

سحری اور افطار کے اوقات کار میں روزہ داروں کیلئے بجلی کی فراہمی اور محکمہ برقیات کی جانب سے رمضان المبارک کے حوالے سے جاری شیڈول پر ہرصورت عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ہسپتالوں کے علاوہ سپیشل ٹرانسفارمرز کیلئے بجلی کی سپلائی منقطع کی جائے تاکہ روزہ داروں کو بجلی فراہم کیا جاسکے۔

وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کے مہینے میں تمام اضلاع میں گندم کے سٹاک کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ماہ مقدس میں روزہ داروں کیلئے مقررہ اوقات میں پانی کی دستیابی کو یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں سبسڈائزڈ اشیاء خوردنونش کی یوٹیلٹی سٹورز میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے جس کیلئے سیکریٹری داخلہ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز سے رابطہ کریں۔

تراویح، مجالس اور جلوسوں میں سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کو یقینی بنائی جائے اور رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پلان مرتب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے رمضان المبارک کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز مارکیٹوں کے دورے کریں۔ تمام اضلاع کے گنجان آباد علاقوں میں رمضان سستا بازار لگائے جائے جس میں معیاری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبے میں پیٹرول اور ڈیزل کے سٹاک کی دستیابی کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر آئی جی پی گلگت بلتستان کو ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تمام مذہبی اجتماعات خصوصاً تراویح، مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے خصوصی پلان مرتب کریں۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال بنایاجائے اور 30 کروڑ کی لاگت سے گلگت شہر کے تمام علاقوں میں جدید سی سی ٹی وی کیمر نصب کئے جائیں تاکہ امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر داخلہ اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ علمائے کرام کے تعاون سے ماہ مقدس میں بھائی چارگی کی فضاء کو برقرار اورقائم رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری برقیات کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سحری کے اوقات میں دو گھنٹے اور فطاری کے اوقات میں تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے جس کیلئے تھرمل جنریٹرز کا بھی استعمال کیا جائے اور سپیشل ٹرانسفارمرز کیلئے بجلی کی فراہمی منقطع کی جائے۔

محکمے کی جانب سے جاری خصوصی شیڈول پر من و عن عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ رمضان المبارک میں محکمہ پولیس اور برقیات کے ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کی جائے۔اجلاس صوبائی وزیر داخلہ، صوبائی وزیر خزانہ، صوبائی وزیر تعمیرات، صوبائی وزیر خوراک و سیاحت، صوبائی وزیر برقیات، معاون خصوصی برائے اطلاعات، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پی، سیکریٹری برقیات، سیکریٹری خزانہ سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے ویڈیو لنک پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button