حکومت کا چار نئے اضلاع کو فعال بنانے کا اصولی فیصلہ
گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چار نئے اضلاع کو فعال بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی احساس محرومی کو دور کرنے اور عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے چار نئے انتظامی یونٹس کا اعلان کیا اور 2019 میں ان چار نئے اضلاع کا نوٹیفکیشن بھی کیا گیا۔
پانچ سال گزرنے کے باوجود نئے انتظامی یونٹس فعال نہ ہونے سے ان اضلاع کے عوام کے مایوسی اور مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ لہٰذا صوبائی حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ چار نئے انتظامی یونٹس کو ضروری آسامیوں سے فعال بنائے اور بتدریج تمام ضروری پوسٹوں کی تخلیق اور بھرتیاں مرحلہ وار کی جائیں۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی ہے کہ نئے چار انتظامی یونٹس کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے ضروری آسامیوں کی سمری تیار کریں اور کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔
اجلاس میں صوبائی وزیر قانون غلام محمد، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمت خالق، سیکریٹری سروسز، سیکریٹری قانون، ایس ایم بی آر اور متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔