گلگت بلتستان حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات کررہی، وزیر اعلیٰ حاجی گلبر
اسلام آباد (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے وزیر اعظم پاکستان کے اعزازی سفیر برائے جنگلی حیات سردار محمد جمال خان لغاری نے اسلام آباد کیمپ آفس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے کنزرویشن کمیٹیوں کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے مقامی کمیونٹی کے تعاون سے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
کنزرویشن کمیٹیوں کی افادیت اور فوائد کی وجسے جن علاقوں میں کنزرویشن کے حوالے سے خدشات موجود تھے اب ان علاقوں میں بھی کنزرویشن کیلئے حکومتی اداروں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان میں جن پہاڑوں پر جنگلی حیات موجود ہیں ان علاقوں میں سے بیشتر علاقوں کو مقامی کنزرویشن کمیٹیوں کے ذریعے جنگلی حیات کیلئے محفوظ بنایا گیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کے اعزازی مشیر برائے جنگلی حیات سردار محمد جمال خان لغاری نے گلگت بلتستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور دیگر صوبوں کیلئے بھی مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت اور کنزرویشن کمیٹیوں کی کوششوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر گلگت بلتستان کا نام روشن ہوا ہے۔
بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کررہی ہے جس کیلئے گلگت بلتستان کے عوام اور حکومت کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی گلگت بلتستان کنزرویشن کمیٹیوں کے ماڈل کو متعارف کرایا جائے گا۔