گلگت بلتستان،سیاحت سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،وزیر اعلیٰ،فورس کمانڈر
گلگت (وطین نیوز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل نے جگلوٹ کے سیاحتی مقام گاشو پہوٹ 4روزہ فیسٹیول کے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
حاجی گلبر خان پہلے وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے کا دورہ کیا۔ گاشو پہوٹ میں فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد اس علاقے کی خوبصورتی اور قدرتی حسن، لوگوں کی مہمان نوازی کو اجاگر کرنا تھا۔ اس منفرد فیسٹیول سے گاشو پہوٹ میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گاشو پہوٹ میں فیسٹیول کے انعقاد سے اس علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا جو عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے معاون ثابت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے محروم اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی اور یہاں کے عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
محدود وسائل کے باوجود بڑے پیمانے پر گاشو پہوٹ میں فیسٹیول کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ ہماری حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔گاشو پہوٹ کے عوام کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔
یہاں کے عوام کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کریں گے۔جنگلات اور قدرتی حسن سے مالامال یہ علاقہ سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ فیسٹیول کے ذریعے اس علاقے کے خوبصورتی کو اجاگر کرنے سے مستقبل میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد قدرتی حسین نظاروں کو دیکھنے کیلئے گاشو پہوٹ کا رخ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ و ممبر جی بی اسمبلی فتح اللہ خان، محکمہ سیاحت اور تمام متعلقہ محکموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ جگلوٹ گاشو پہوٹ کے عوام نے وزیر اعلیٰ کے عوام دوست اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں جنہوں نے گلگت کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے کا دورہ کرکے عوامی وزیر اعلیٰ ہونے کا ثبوت دیا۔
اس سے پہلے کسی بھی وزیر اعلیٰ نے گلگت کے اس دور افتادہ علاقے کا دورہ نہیں کیا تھا۔ آج وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل کو گاشو پہوٹ جیسے پسماندہ علاقے میں عوام کے ساتھ دیکھ کر ہمیں امید پیدا ہوئی ہے کہ وزیر اعلیٰ ہماری پسماندگی دور کرنے کیلئے مخلص ہیں۔