حکومت پاکستان گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر طرز پر نظام حکومت دے، ڈاکٹر مشتاق خان
سکردو(وطین نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ حکومت لداخ،کارگل اور لہ کے مہاجرین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرے،
حکومت پاکستان گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر طرز پر نظام حکومت دے۔امت مسلمہ کی ترقی کی سب سے بڑی رکاوٹ باہمی اختلافات ہیں۔تمام فروعی اختلافات کو ختم کر کے امت واحدہ بنناہے امت کی ترقی کا راز اتحاد اور اتفاق میں مضمر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکردو میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی نائب امیر مشتاق ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا تنویر حیدری،سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان نوید اللہ، امیر ضلع سکردو احسان اللہ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
اس موقع پر لداخ لہ اور کارگل کے مہاجرین کونسل کی پوری ٹیم نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ نالائق قیادت ہمارے مسائل کی ذمہ دار ہے جماعت اسلامی اس قیادت اور نظام کو تبدیل کرنا چاہتی ہے قیادت اور نظام بدلے گا تو عوام کے مسائل حل ہوں گے جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر دروازے پر دستک دے گی
انھوں نے کہا گلگت بلتستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جائے،گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے سیاحت کو فروغ دے کر بیروزگاری ختم کی جائے نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے دیامر ڈیم کے متاثرین کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
جماعت اسلامی اقتدار میں آکر نظام عدل قائم کرے گی اور بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔انھوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں جماعت اسلامی عوام کو گھروں کی دہلیز پر انصاف فراہم کرے کوئی ظالم مظلوم پر ظلم نہیں کر سکے گا۔