صحت عامہ کے تحفظ اور زندگیاں بچانے کےلئے حفاظتی ٹیکے ضروری ہیں، صوبائی وزیر صحت
گلگت (وطین نیوز) گلگت میں ہفتہ روزہ ورلڈ امیونائزیشن کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ہفتہ روزہ ورلڈ امیونائزیشن کی اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر صحت سید سہیل عباس، خواتین پارلیمنٹرین اور سیکریٹری صحت دلدار ملک نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد بیماریوں سے بچاو کے لئے ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دینا اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کرنے والے پیشہ ور افراد، کمیونٹی لیڈرز، اور اسٹیک ہولڈرز کو خطے میں ویکسینیشن کوریج کو بہتر بنانے کے عزم کو تقویت دینا مقصود تھا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت سید سہیل عباس نے صحت عامہ کے تحفظ اور زندگیاں بچانے میں حفاظتی ٹیکوں کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ہیلتھ کیئر ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گلگت میں حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کی کاوشوں پر انکا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں تقریب میں موجود خواتین پارلیمنٹیرینز نے حفاظتی ٹیکوں کو فروغ دینے اور اس بات کو یقینی بنانے میں خواتین کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بچے، خاص طور پر گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں زندگی بچانے والی دواؤں کی رسائی کو ممکن بنانا ضروری ہے۔
اس موقع پرسیکرٹری صحت دلدار ملک نے خطے میں ویکسینیشن کوریج کو بہتر بنانے میں پیش رفت کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے مستقبل کے لئے لائحہ عمل بھی پیش کیا۔تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر اور دیگر مہمانان نے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے ہیلتھ کیئر ورکرز اور کمیونٹی رضاکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔