ہنزہ میں بجلی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائیگا، ایمان شاہ
ہنزہ (وطین نیوز)معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے ہنزہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شاہراہِ قراقرم پر دھرنے کے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنزہ میں بجلی کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ ایک علاقے میں بجلی ہو اور دوسرا علاقہ اندھیرے میں ڈوبا رہے۔ انہوں نے ایکسیئن واٹر اینڈ پاور ہنزہ کو موقع پر طلب کیا اور سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر نیا شیڈول جاری کیا جائے اور شیڈول کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں ہسپتال کے علاوہ کسی کے پاس اسپیشل لائن نہیں، اگر ایکسیئن واٹر اینڈ پاور کے گھر پر بھی اسپیشل لائن موجود ہے تو اس کو اسی وقت ختم کیا جائے گا۔ گندم قلت پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ان کو صرف 10 دن کی مہلت دی جائے تاکہ عوام کو کوٹے کے مطابق معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سال کے اندر ہنزہ سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھرنہ ختم کریں اور ہنزہ آنے والے سیاحوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ جس پر دھرنا شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔