صوبائی حکومت تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی پالیسی کو یقینی بنانےکی کوشش کررہی، شمس لون
گلگت (نمائندہ خصوصی) وزیرداخلہ شمس الحق لون نے کہا ہے موجودہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادارک رکھتی ہے، بنیادی سہولیات کی فراہمی عوام کا حق صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی پالیسی کو یقینی بنانے کیلئے عمل پیرا ہے۔
وزیرداخلہ شمس الحق لون نے استور ایکشن کمیٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے گلگت بلتستان کے ہر ضلعے میں بنیادی ضروریات جس میں مواصلات کے نظام کی بہتری، صفائی و سیور یج مسائل سے چھٹکارا، مین سڑکوں کے اطراف میں درختوں و خوبصورت پودوں کی شجر کاری سمیت خطے کے اہم تفریحی و تاریخی مقامات تک عوام کی رسائی اور انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح تک متعارف کروانے کے لئے صوبائی حکومت حکمت عملی مرتب کر رہی ہے
جلد وزیر اعلی گلگت بلتستان اپنے دورہ پر ضلع استور کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے جس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت وتعلیم سمیت عوام فلاح و بہبود اور سیاحت و تفریح کے متعدد منصوبے شامل ہیں اور جلد اس پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ استور میں جاری ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے جلد فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی
ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ بہت جلد حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دو تین دن میں استور ہسپتال میں درپیش مسائل کے حوالے سے اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات ہو گی اور ہسپتال کے تمام مسائل کوحل کیا جائے گا۔ یچھلتو پاور ہاؤس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک مہینے کے اندر پاور ہاؤس کو رن کیا جائے گا۔صوبائی حکومت استور کے عوام کو درپیش تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہے جبکہ ضلعے کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کے چور اور ڈاکو حکمرانوں نے ملکی خزانہ لوٹا ہے۔ حکومت ہر صورت ان کا احتساب کرے گی اور ان چوروں سے قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لیکر قوم کے بہتر مفاد کیلئے استعمال کرے گی۔ قوم سے وعدہ ہے کہ ملکی معیشت ٹھیک کر کے صوبے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔