کاشغر،گلگت فلائٹس، فیڈرل منصوبے جلد مکمل کرائیں،وزیر اعلیٰ اور گورنر کا صدر مملکت سے ملاقات میں مطالبہ
اسلام آباد (وطین نیوز)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں مشترکہ ملاقات کی، ملاقات میں وزیر اعلی گلگت بلتستان نے انہیں دوسری مرتبہ صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان بننے پر باقاعدہ مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے انہیں گلگت بلتستان دورے اور گلگت بلتستان اسمبلی سے خطاب کی دعوت بھی دی،
ملاقات میں صدر مملکت کو گلگت بلتستان حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا، صدر مملکت کو گلگت بلتستان کی عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی اور بیروزگاری کے بارے میں بتایا گیا، دوران گفتگو وزیر اعلی گلگت بلتستان اور گورنر گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کے ائیر پورٹس کو جدید بنانے سمیت اندرون و بیرون ملک سے فلائٹس بڑھانے پر زور دیا اور چین کا علاقہ کاشغر سے گلگت بلتستان تک فلائٹ شروع کرنا ناگزیر قرار دیا جبکہ حج و عمرہ اور زیارت پر جانے والوں کیلئے سہولیات کی فراہمی سمیت خصوصی فلائٹس چلانے پر گفتگو ہوئی،
ملاقات میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان کو سیاسی اصلاحات دینا وقت کی ضرورت ہے اور وہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، وزیر اعلی نے کہا کہ فیڈرل پی ایس ڈی پی کے ذریعے گلگت بلتستان کیلئے مزید منصوبوں کا اجرا سمیت پرانے منصوبوں کی تکمیل ضروری ہے، اس موقع پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ ہمارا مثالی تعاون رہے گا اور ہم چاہتے ہیں کہ فیڈریشن کیجانب سے صوبوں کو موثر تعاون ملے،
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ساتھ ہمارا خاص لگاؤ ہے اور ماضی میں ہم اس خطے کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام ائیر پورٹس کو جدید بناتے ہوئے بین الاقوامی فلائٹس کا دائرہ کار یہاں تک بڑھا دیا جائے گا اور حج و عمرہ اور زیارت کیلئے خصوصی فلائٹس چلانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،
فیڈرل پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی تکمیل سمیت گلگت بلتستان کیلئے نئے منصوبوں کی منظوری میں کردار ادا کریں گے، صدر مملکت نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے اور اس معاملے میں وفاقی حکومت جی بی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی، قدرت نے گلگت بلتستان کو معدنیات اور جواہرات سے نواز ہے اسلئے قدرتی وسائل کو علاقے کی معاشی خوشحالی کیلئے مکمل ترقی دینا ہوگی،
وزیر اعلی اور گورنر گلگت بلتستان کی سفارشات پر صدر مملکت نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی تربیت اور ہنر مندی کیلئے پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا، صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ طلب کے مطابق قابل قدر صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا اور علاقے میں جامع اور پائدار ترقی کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی اور گلگت بلتستان کی خود کفالت کیلئے مقامی کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،
صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان کے شعبہ تعلیم اور صحت کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے میں صوبائی حکومت کے ہاتھ مظبوط کریں گے۔ صدر مملکت نے مئی کے مہینے میں گلگت بلتستان کے دورے کا وعدہ بھی کیا۔