گلگت بلتستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال خطہ دیکھنا میری زندگی کا مشن اور خواب ہے،صدرمملکت

اسلام آباد(آئی این پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت-بلتستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال خطہ دیکھنا میری زندگی کا مشن اور خواب ہے،
یہ خطہ پورے ملک کی ترقی کا انجن ثابت ہو سکتا ہے، گلگت بلتستان میں ہمہ موسمی روڈ انفراسٹرکچر بنانے کی ضرورت ہے،گلگ بہتر ٹرانسپورٹ نظام سے تجارتی، اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز گلگت -بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
وفد نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کے لوگوں کو درپیش مسائل بارے بتایا۔صدر مملکت کا اس موقع پر کہناتھا کہ ہمہ موسمی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچرسے مسلسل اور قابل اعتماد نقل و حمل یقینی بنانے میں مدد ملے گی، گلگت-بلتستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال خطہ دیکھنا میری زندگی کا مشن اور خواب ہے، گلگت-بلتستان پورے ملک کی ترقی کا انجن ثابت ہو سکتا ہے،
صد ر مملکت نے گلگت بلتستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ گلگت -بلتستان میں کارڈیالوجی ہسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے، صدر مملکت نے کہا سکردو اور گلگت کے درمیان ہمہ موسمی سڑکوں اور سرنگوں کی تعمیر سے کاروبار کیلئے رسد اور نقل و حمل میں بہتری آئے گی
گلگت-بلتستان میں بہتر ٹرانسپورٹ نظام سے سامان کی نقل و حرکت، روابط میں اضافہ ہوگا، بہتر ٹرانسپورٹ سے صحت، تعلیم اور روزگار کے مواقع جیسی خدمات تک لوگوں کی رسائی میں بھی اضافہ ہوگا، صدر زرداری نے گلگت -بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے گلگت کے ہوائی اڈے کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زو دیا اور کہا کہ شعبہ صحت میں اقدامات سے لوگوں کو دہلیز پر صحت کی اعلی معیاری خدمات فراہم کی جاسکیں گی، گلگت-بلتستان میں صحت اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی سماجی و اقتصادی ترقی، خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے،
صدر مملکت نے کہا گلگت -بلتستان میں سیاحت سمیت اقتصادی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات ہیں۔ گلگت-بلتستان کی ہائیڈرو الیکٹرک صلاحیت کو مقامی اور قومی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے، انہوں نے سیاحت، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
وفد نے گلگت-بلتستان کے صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیاموسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، وفد نے صدر مملکت کو گلگت -بلتستان کے ماحولیاتی مسائل کے بارے میں بھی بتایاجنگلات کے فروغ خصوصا اخروٹ کے درختوں کی شجرکاری سے پگھلتے گلیشیئرز کو بچانے میں مدد مل سکتی ہے، صدر مملکت نے وفد کو گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔