ضلع نگر میں نہری نظام کی تعمیر و مرمت میں ہرممکن امداد کریں گے،ڈپٹی کمشنر کی وفد کو یقین دہانی
نگر(اقبال راجوا) نگر میں نہری نظام کی تعمیر و مرمت میں ہرممکن امداد کریں گے۔ ڈی سی نگر کا وفد سے ملاقات کے دوران وعدہ۔ آج ضلعی ھیڈ کوارٹر ہریسپو داس اپنے آفس میں نگر کے تینوں تحصیلوں سے مسائلِ لیکر آنیوالے وفود سے ملاقات کی۔
تحصیل شینبر چھلت کے مرکزی تنظیم دیہہ کے کابینہ و ایگزیکٹو کونسل کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نگر عطا الرحمن کا کہنا تھا کہ سرکار عوام کی مدد کرسکتی ہے۔ عوامی وفد کا کہنا تھا کہ چھلت نالے میں پچھلے کئی سالوں سے جاری سیلابی تباہی نے نالے سے نکالے گئے نہری نظام اور کوہلات کو مکمل تباہ و برباد کردیا ہے۔ سال 2010 کے بعد چھلت نالے میں لگاتار سیلاب نے نالے کے اطراف مختلف وادیوں میں آبادکاری کیلئے نکالے گئے کوہلات کا نام و نشان مٹادیا ہے۔
بالائی وادی چھپروٹ رابٹ بالا کے کوہلات جبکہ نشیبی علاقے رابٹ پائین، چھلت بالا، سونیکوٹ، اکبر آباد اور چھلت پائین کیلئے دو سو سال پہلے تعمیر کئے گئے کوہلات مکمل تباہ و برباد ہوگئے ہیں۔ تباہی اس قدر زیادہ ہے کہ عوام الناس ھزاروں کی تعداد میں کئی مہینوں تک کام بھی کریں تو نہری نظام بحال ہوتا نظر نہیں آتا۔
وفد نے ڈی سی نگر سے مطالبہ کیا کہ وہ خود اس تباہ شدہ علاقے کا موقع ملاحظہ کرکے تباہی کا تخمینہ خود سے کرلیں۔ عوامی وفدنیکہا کہ آبپاشی کے اس موسم میں عوام الناس کی ارضیات پرکھڑی فصلوں اور درختوں کو مقررہ نظام کے تحت پانی میسر ہو اور پھل میوہ جات اور زرعی اجناس کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ ڈی سی نگرکیپٹن ریٹائر عطاالرحمان نیکہا کہ حکومت نہری نظام کی بحالی کیلئے عوام کی مدد کرے گی۔ انہوں نے ٹیلی فون کرکے واٹر منیجمنٹ کے ڈی ڈی میثم، اے سی نگر نیلم علی اور تحصیلدار شینبر عرفان کو نہری نظام کی بحالی اور تعمیر و مرمت کے حوالے سے دستاویزات اور بجٹ تیار کرکے اگلے دن تیار کرنے کی ھدایت بھی کی۔ وفد نے تعمیر و مرمت کیلئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرانے پر ڈی سی نگر کا شکریہ ادا کیا۔