استور سیلاب کی تباہ کاریاں و نقصانات، عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے، امجد ایڈوکیٹ
گلگت (وطین نیوز) صوبائی صدر پاکستان پیپلزپارٹی امجد حسین ایڈوکیٹ نے ضلع استور میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور نقصانات پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پریشنگ یونین کے موضع جات رامکھ، مشکے اور گدائی یونین کے موضع جات کشونت اور پکورہ میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے باخبر ہیں اور امدادی کاروائیوں کے حوالے سے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
حکومت کی پہلی ترجیح ضلعی انتظامیہ کے ذریعے بحالی کیلیے امدادی کاروائیاں سرانجام دینا ہے۔ اگرچہ جس سطح پر سیلاب نے تباہ کاریاں کی ہیں اس لحاظ سے ضلعی انتظامیہ کے پاس سہولیات ناکافی ہیں اور ہم وزیراعلی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیلابی ملبہ ہٹانے کیلیے استور میں ایمرجنسی بنیادوں پر کاروائیوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے وزیراعلی سے مطالبہ کیا کہ استور میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے اور ہیوی مشینری پہنچاکر سیلابی ملبہ ہٹایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چند سال قبل بوبر غذر میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کو رول ماڈل بنانے کی ضرورت ہے۔ استور میں بھی اسی طرز پر اقدامات اٹھانے اور بحالی کیلیے بڑے طرز کا منصوبہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ اور مقامی لوگوں کے مشترکہ کاوش سے یہ خوبصورت علاقے جلد ہی دوبارہ آباد ہونگے۔
متاثر خاندان اور عوام خود کو تنہا نا سمجھے۔انتظامیہ اور صوبائی حکومت مکمل آباد کاری تک ہر خاندان کے ساتھ کھڑے ہونگے اور اس لحاظ سے پیپلزپارٹی صوبائی اور وفاقی حکومت سے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرئے گی۔ صوبائی صدر نے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز اور ضلع عہدیداران و کارکنان کو بھی ہدایت جاری کیا ہے کہ وہ ان علاقوں کی بحالی کیلیے ضلع انتظامیہ کے شانہ بشانہ رضاکارانہ کاروائیاں سرانجام دیں۔