پولیس شہداء کے بچوں کو آرمی سکولوں میں مفت تعلیم دینگے، فورس کمانڈر
گلگت (وطین نیوز) گلگت یوم شہداء پولیس کی مرکزی تقریب پولیس ہیڈ کواٹرز گلگت میں ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے مہمان خصوصی کی آمد پر استقبال کیا اس موقع پر مہمان خصوصی نے آئی جی پی کے ہمراہ یادگار شہداء پر سلامی دی اور پھول چڑھائے۔
انہوں نے پولیس شہداء کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے قرآن خوانی اور دعا میں شرکت کی۔ اس کے بعد ایک پر وقار تقریب ہوئی جس میں شہداء کے ورثاء کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب سے مہمان خصوصی میجر جنرل کاشف خلیل اور انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے خطاب کیا,مہمان خصوصی نے شہداء کے کارناموں کا تزکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ملک وقوم کے سانجھے اور یکساں فخر ہوتے ہیں, دنیا میں شہادت کا نعم البدل نہیں ہے,
شہید کا اجر اللہ کے ہاں ہے البتہ ہم شہداء کے ورثاء کی ویلفیئر میں اپنا حصہ ضرور ڈالینگے،کاشف خلیل نے شہداء کے ورثاء کی ویلفیئر کیلئے آرمی کے زیر سایہ چلنے والے سکولوں میں شہداء کے بچوں کیلئے مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا, پولیس ویلفیئر کے لئے دس لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا, ی بی پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ٹریننگ وغیرہ کی سہولیات بھی فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔
اس سے پہلے آئی جی پی افضل محمود بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کریں جنہوں نے قوم کے کل کے لئے اپنے آج کو قربان کیا, آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے, اس دن خصوصی اہتمام کیساتھ ہم شہداء کے ورثاء کو تقریبات میں مدعو کرتے ہیں تاکہ انہیں احساس ہو کہ حکومت اور محکمہ ان کے شانہ بشانہ ہیں, تقریب کے دوران فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل کاشف خلیل نے آئی جی پی افضل محمود بٹ کے ہمراہ شہداء کے لواحقین / ورثاء میں تحائف, انعامات اور شیلڈ تقسیم کئے,
آئی جی پی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے مہمان خصوصی کو جی بی پولیس کی جانب سے شیلڈ پیش کی.تقریب میں DIG ہیڈ کواٹرز نوید احمد نثارخواجہ، صوبائی وزیر دلشاد بانو،وزیر اعلی گلگت بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق و سیکرٹری سروسز ظفر وقار تاج ڈی آئی جی مرزا حسن، ڈی آئی جی سلطان فیصل،اے آئی جی میر طفیل احمد، اے آئی جی عبد الرؤف،اے آئی جی حسنین، آرمی آفیسرز، ایس ایس پی حسن علی و دیگر آفیسران اور شہداء کے لوا حقین نے شرکت کی۔