گلگت بلتستان، طوفانی بارشوں کے باعث ٹریفک کیلئے بند اکثر سڑکیں بحال،وزیر اعلیٰ نے نقصانات کی رپورٹ کر لی
گلگت (نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے قراقرم ہائی وے اور دیگررابطہ سٹرکیں کو جزوی طور پر کھول ٹریفک کیلیے کھول دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بشام، پٹن، برسین اور چلاس کے مقام پرحکومتی عملہ سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں اور کچھ علاقوں میں ایک طرف سے ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے راستے کو کھولا گیا ہے۔
دیامر شاہراہ قراقرم لینڈ سلائڈنگ کے باعث متعدد مقامات پر بند ہو چکی تھی تاہم گونر فارم کے قریب گندلو پڑی کے مقام پر بلاک کو ہر قسم کی ٹریفک کو کھول کر چلاس سے گلگت سیکشن کو بحال کردیا گیا ہے۔ کوہستان پولیس کے مطابق کوہستان پانی باغ اور لوٹر کے مقام پر گزشتہ رات سے لینڈ سلائڈنگ کے باعث بند روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے طابق گلگت بلتستان میں گیتی داس اور رائے کوٹ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے کو تیزی سے صاف کیا جا رہا ہے چھوٹی گاڑیوں کے لیے روڑ کھول دیا گیا ہے، جلد ہی یہ دو شاہراہیں بھی ہرقسم کی ٹریفک کے لیے کھل جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا انتظامیہ اور فیلڈ اسٹاف کی ان تھک محنت سے گلگت بلتستان اور میں اکثر شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہو گیا ہے۔ کے کے ایچ ہنزہ سے گلگت سیکشن عوام الناس نے اپنی مدد اپ کے تحت بحال کر لیا لیکن مکمل طور بحال نہیں ہے اسی طرح استور ویلی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے رام گھاٹ سے ڈوئیاں تک جگہ جگہ سٹر ک پر چھوٹے چھوٹے بلاک موجود ہیں۔ گلگت تا غذر اور گلگت تا سکردو روڑہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان میں بارشوں اور برفباری سے ہونے والے نقصانات کے تفصیلات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سکریٹری داخلہ، جی بی ڈی ایم اے، سکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو ہدایت کی ہے کہ بین الصوبائی اور رابطہ شاہراہوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کریں۔ وزیر اعلی نے شاہراہ قراقرم میں پھنسے مسافروں کو بھی بحفاظت گھروں میں پہنچانے کے احکامات دیئے ہیں۔