اہم ترینگلگت بلتستان

ہنزہ، سانحہ ڈونگ داس کے ملزمان گرفتار، عوام کے تحفظات دور کئے جائیں ورنہ سخت رد عمل دینگے،گنش سپریم کونسل

ہنزہ (وطین نیوز) گنش سپریم کونسل ہنزہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ کے عہدیداران اور ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں مرحوم منظورحسین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد سانحہ 28 مارچ2022 کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قبرکشائی، لاش کی بے حرمتی اور ایمبولینس کو نذر آتش کرنے سمیت دیگر جرائم میں مطلوب ملزمان کی تا حال عدم گرفتاری پر شدید تحفظات کا اظہارکیا گیا

انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج مقدمات کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں غیر معمولی تاخیر کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اشتہاری مجرمان کی عدم گرفتاری حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جبکہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر طمانچہ ہے،

ملزمان کی عدم گرفتاری سے عوام ہنزہ بالخصوص عوام گنش میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے اگر حکومت اور انتظامیہ ملزمان سے ساز باز کرکے انکو ریلیف فراہم کر رہا ہے تو عوام گنش کے ساتھ زیادتی ہے اور عوام اسطرح کی زیادتیوں اور نا انصافیوں کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ نگر سائیڈ سے حکومتی پابندیوں کی بار بار خلاف ورزیوں کی شکایات کے باوجود نگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہوتی ہنزہ کی جانب سے قانون پرعملدرآمد کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور قانون کے یکساں نفاذ کے ذریعے اس تاثر کو ختم کیا جائے اور نگر کے ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جری کی جائیں کہ وہ قانون اور عائد پابندیوں پر عملدرآمد یقینیبنائیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ ڈونگداس کے مرکزی ملزمان اور ان کے آلہ کار افراد کی فوری گرفتاری عمل میں لاکر قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور سانحہ کے متاثرین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔

ڈونگداس صدیوں سے ہنزہ کی ملکیت رہی ہے چند اوباش لوگوں کے دعوی کو بنیاد بنا کر عوام گنش پر تعمیری و ترقیاتی سرگرمیوں پر پابندی اور نگر سائیڈ پر کھلی چھوٹ دینا انتظامیہ کا امتیازی رویہ ہے جسے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈونگ داس کی ملکیت کے فیصلوں کی روشنی میں تمام پابندیاں ختم کی جائیں تا کہ عوام گنش اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سانحہ ڈونگ داس کے حوالے سے قانون کے تحت انصاف کی فوری فراہمی کے زریعے عوام ہنزہ بالخصوص عوام گنش کے تحفظات کو دور کئے جائیں بصورت دیگر عوام و نوجوانان گنش قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت،انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عائد ہوگی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button