اہم ترینگلگت بلتستان

انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن نے گلگت بلتستان میں علاقائی دفتر کھولنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد (وطین نیوز)انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیٹی(آئی بی سی سی) نے آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ کی سفری دشواریوں کے پیش نظر آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں علاقائی دفاتر کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔

آئی بی سی سی کے اس اقدام سے ان علاقوں کے طلبہ کیلئے دستاویزات کی تصدیق، مساوی سرٹیفکیشن اور دیگر تعلیمی خدمات کا حصول آسان ہوجائے گا۔اس بات کی منظوری جمعرات کو آئی بی سی سی کے تیسرے بورڈ آف گورنرز اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین احمد وانی نے کی۔ اجلاس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور پاکستان میں آئی بی سی سی کی علاقائی موجودگی کو بڑھانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اجلاس کے دوران اس بات کا اظہار کیا کہ آئی بی سی سی اسکولوں میں موجود سہولیات کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ پہلے مرحلہ میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں کسی ایک اسکول میں، جبکہ مرحلہ وار صوبائی اسکولوں میں بھی سہولیات کی فراہمی میں مدد کی جائے گی۔

آئی بی سی سی طرف سے متعارف کرائے گئے اہم اقدامات میں سے ایک ذہنی آزمائش کے مقابلوں کا آغاز ہے، جو خاص طور پر طلباء میں تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔ ان مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو فکری طور پر مشغول کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ترغیب دینا ہے، اس طرح طلباء کو سیکھنے اور اختراع کی صلاحیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اس کے علاوہ ان طلباء کو کامیابیوں کو متعارف کرانے کیلئے ہائی اچیورز کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہا ہے جس میں سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) اور ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء اور ان کے والدین کو مدعو کیا جا رہا ہے۔یہ تقریب ان طلباء کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کا نہ صرف اعتراف ہے بلکہ ان کے ساتھیوں میں بہترین کارکردگی کیلیے جدوجہد کرنے کیلیے ایک تحریک کا کام بھی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری اور یکساں معیار لانے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے اور اس سلسلہ میں ایک اور اہم پیش رفت فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ساتھ مل کر ایک قومی سوالیہ آئٹم بینک قائم کرنا ہے۔ امتحانی سوالات کا یہ مرکزی ذخیرہ ملک کے تمام تعلیمی اور امتحانی بورڈز میں تشخیص کیلیے یکساں معیار کو یقینی بنائے گا۔آئی بی سی سی شام کے وقت بھی شفٹ متعارف کروا کر اپنی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

اس اقدام کا مقصد درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد کو ایڈجسٹ کرنا اور باقاعدہ دفتری اوقات سے ہٹ کر سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام طلباء اور کمیونٹی کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آئی بی سی سی کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، محی الدین احمد وانی نے بورڈ آف گورنرز کو تعلیمی شعبہ میں بہتری اور پاکستان کے تمام طلباء کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں پیش کیے گئے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تعلیمی شعبے میں جدت اور مسلسل بہتری کو فروغ دینے والا باہمی تعاون پر مبنی ماحول پیدا کرنے کیلیے آئی بی سی سی کے عزم کو سراہا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button