گلگت بلتستان، تمام سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرنے کیلئے مراسلے جاری
گلگت (وطین نیوز)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان(تمغہ شجاعت) نے گلگت بلتستان کے تمام سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کرنے کیلئے مراسلہ بجھوا دیا۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ مراسلے گلگت بلتستان کے تمام سیاسی جماعتوں جن میں مسلم لیگ ن گلگت بلتستان،پیپلز پارٹی گلگت بلتستان،جمیعت علماء اسلام جی بی،گلگت بلتستان قومی موومنٹ،اسلامی تحریک پاکستان،ایم ڈبلیو ایم، جے آئی پی گلگت بلتستان، پی ایم ایل (ق)،جمہوری محاز، سمیت تمام سیاسی و مذہبی پارٹیوں کو جاری کردئیے گئے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشنز ایکٹ، 2017 کے سیکشن 208- 209 اور 215 کے تحت الیکشنز رولز 2017 کے رول 158 کے مطابق، ایک سیاسی جماعت آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی مکمل پابند ہے جو کہ ایک لازمی شرط بھی ہے۔خلاف ورزی کرنامقررہ قانونی دفعات کے تحت سیاسی جماعت کو الیکشن کمیشن، گلگت بلتستان کی جانب سے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے جائیں گے اور مقررہ قانونی دفعات کی خلاف ورزی کی صورت میں، الیکشن کمیشن، گلگت بلتستان کی جانب سے متعلقہ سیاسی جماعت کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے اور اس کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے گا تاکہ پارٹی آئندہ مقامی و عام انتخابات کے لیے انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے نااہل ہو جائیں گی۔
علاؤہ ازیں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری مراسلے میں پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کیلئے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ معزز چیف کورٹ گلگت بلتستان کے فیصلہ،جس میں محمد خالد خورشید خان بطور صدر پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان،ان کی جعلی ڈگری کیخلاف فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا گیا تھا،جس کی روشنی میں الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اپنے ریکارڈ سے انہیں ہٹا دیا گیا ہے،
اس کے پیش نظر سینٹرل انفارمیشن سیکریٹری پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ آپ کی سیاسی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی کے آئین میں فراہم کردہ طریقے سے کرائے جائیں تاکہ قانون میں دیے گئے نااہل قرار دیئے جانے سے بچا جا سکے اور نئے دفتر کی فہرست بھی پیش کی جائے اور متعلقہ دستاویزات پیش کی جائیں، تاکہ پارٹی گلگت بلتستان میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنا الاٹ کردہ انتخابی نشان برقرار رکھ سکے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے یہ دوسرا مراسلہ جاری کیا گیا ہے،اس سے قبل 2021 میں بھی ان تمام پارٹیوں کو مراسلہ بھیجا گیا تھا،لہذا تحت قانون تمم پارٹیاں اپنے اپنے انٹرا پارٹی انتخابات کو یقینی بنائیں بصورتِ دیگر نا کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی انتخابی نشانات واپس لیئے جائیں گے اور وہ آئندہ کسی بھی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔