گلگت بلتستان میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف آپریشن تیز کیا گیا ہے، ایمان شاہ
گلگت (وطین نیوز) معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے خصوصی احکامات پر صوبے بھر میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن تیز کر دیا گیا ہے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنا کے عوامی کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں درجنوں گراں فروشوں کو گرفتار کرنے کے علاوہ دکانیں سیل اور بھاری جرمانے بھی عائد کر دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کیلئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔