چینی سرمایہ کاروں کا گلگت بلتستان میں بجلی کی پیداوار میں دلچسپی کا اظہار
گلگت (وطین نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی چائینہ واٹر ریسورسز بئیفنگ انویسٹیگیشن ڈیزائن اینڈ سرچ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان پاور سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ گلگت بلتستان میں پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پاور پالیسی کی منظوری اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کو فعال بنانے سے سرمایہ کاروں کیلئے درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ گلگت بلتستان میں تقریباً 40ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کی فزیبلٹی موجود ہونے کے باوجود بجلی کا شدید بحران ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت سنجیدگی سے اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔
چائینز سرمایہ کاروں کی کمپنی کی جانب سے 100 میگاواٹ کے آئی یو پاور پروجیکٹ کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیاجس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے چائینز سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے نام لیٹر آف انٹریسٹ کمپنی کی طرف سے تحریر کریں جس کے بعد اس منصوبے کی تعمیر کیلئے مروجہ طریقہ کار کے مطابق اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان اور سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کریں اور ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ، سیکریٹری برقیات اور چائینز کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔