گلگت آغا خان لوکل ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے نیکسٹ جین تھنکرز کیمپ کا کامیاب انعقاد
گلگت (طاہریوسف) آغا خان لوکل ایجوکیشن بورڈ نے کریم آباد کمیونٹی سینٹر گلگت میں نیکسٹ جین تھنکرزکیمپ کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں مختلف علاقوں سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی کیمپ میں نوجوانوں کو سوشیل میڈیا کا مثبت استعمال ، انٹرپینیورشپ، مذہبی ہم آہنگی اور تکثیریت، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، پریزنٹیشن سکیلزاورکمیونیکیشن سکیلز کے بارے میں آگاہی دی گئی۔
کیمپ کے دوران، گلگت بلتستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (جی بی ایف اے) کے صدر غلام رحمن نے 100 سے زائد طلباء (عمر 15 سے 25 سال) کے ساتھ ایک معلوماتی اور دلچسپ سیشن کا انعقاد کیا۔ انہوں نے تنقیدی سوچ، منطقی استدلال، مستقبل میں کام کے رجحانات، اور بصیرت انگیز قیادت جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔
غلام رحمن کا کہنا تھا آج کے دور میں کسی بھی ملک کی ترقی وہاں کی نوجوان طبقے کی علمی اور فنی مہارتوں پر منحصر ہے، اور جدید ٹیکنالوجی اس میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال دفاعی، صنعتی، اقتصادی، سماجی، اور ثقافتی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے لہذا صوبائی حکومت کو زیادہ سے زیادہ تکنیکی کالجوں اور یونیورسٹیوں کو قائم کرنے کے اقدامات اٹھانے چاہئیں جو مستقبل کی ضروریات کو پورا جی بی ایف اےکے صدرغلام رحمن نے کہا پاکستان سمیت گلگت بلتستان کی تقریباً 240 ملین آبادی میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کی ترقی کےلیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان نوجوانوں میں بے پناہ تخلیقی صلاحیتیں اور جدید خیالات کو اپنانے کا جذبہ موجود ہے، لیکن ان صلاحیتوں کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے کےلیے ضروری ہے کہ انہیں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے آغا خان لوکل ایجوکیشن بورڈ کے نیٹ ورک کی وسیع رسائی اوراثر و رسوخ کو اجاگر کیا جو پورے پاکستان میں نوجوانوں کے معیار کو بلند اور جامع تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔غلام رحمن نے نیکسٹ جین تھنکرز کیمپ کا کامیاب انعقاد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مشکلات سے نمٹنے کے لیے تیار، تنقیدی سوچ کا حامل اور اخلاقی بنیادوں پر رہنما بننے کے آغا خان لوکل ایجوکیشن بورڈ کے عزم کو قابل ستائش اورنیک شگون قرا دیا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو بااعتماد بنانا، فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، اور انہیں چیلنجز کا سامنا کرنے اور اپنی کمیونٹیز کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
کیمپ میں موجود تمام نوجوانوں نے اس کیمپ کو سراہا اور نئے سکیلز سیکھنے اور موقع دینے پر آغا خان لوکل ایجوکیشن بورڈ شکریہ ادا کیا۔