عوامی ایکشن کمیٹی کا ٹیکس فری زون اور تمام تجارتی راستے کھولنے کیلئے تحریک کے آغاز کا اعلان
گلگت (وطین نیوز) عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کی کال پر عوامی زمینوں اور پہاڑوں پر قبضے، گرین ٹورازم کے نام پر ریسٹ ہاؤسز اور ٹورازم پر قبضہ، سوست بارڈر مقامی تاجروں کا استحصال،عوامی قائدین پر شیڈول فور کا نفاز، یونیورسٹی فیسوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات کے حل کیلئے گلگت بلتستان بھر میں احتجاجی جلسے مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کا مرکزی جلسہ گھڑی باغ گلگت میں احسان ایڈوکیٹ کی قیادت میں منعقد ہوا۔
مرکزی جلسہ گاہ میں گلگت بلتستان کے سیاسی سماجی رہنماء، اسٹیک ہولڈرز، عمائدین، انجمن تاجران، ہوٹل ایسوسی ایشن کے قائدین، ٹریڈرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کی یوتھ کی تنظیموں کے رہنماء اور عوام کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا گلگت بلتستان کہ حکمران گلگت بلتستان کہ عوام کا سیاسی و معاشی استحصال کر رہے ہیں۔ ایک طرف عوامی ملکیتی زمینوں اور پہاڑوں کو ہتھیانے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف گرین ٹورازم کے نام پر گلگت بلتستان کے ٹورازم اور یہاں گیسٹ ہاؤسز پر قبضے کرکے عوام سے روزگار چھینا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان میں فوری طور پر خود مختارآئین ساز اسمبلی کا قیام عمل میں لایا جائے اور گلگت بلتستان کی عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے دیا جائے۔
سوست بارڈر پر گلگت بلتستان کے تاجروں کا استحصال جاری ہے اور ناجائز ٹیکسز کا نفاز کر کے ہزاروں نوجوانوں سے روزگار چھینا جا چکا ہے اب عوام کے پاس مزاحمت کے علاؤہ کوئی راستہ نہیں ہے عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون بنانے اور تمام قدیمی تجارتی راستے کھولنے کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز کر رہی ہے سوست بارڈر پر جاری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اگر تاجروں کے مطالبات منظور نہیں کئے گئے تو گلگت بلتستان کی عوام خنجراب کی طرف تاریخی لانگ مارچ کریگی اور اپنے تاجروں کے حقوق کا تحفظ کریگی۔
جلسے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کی آواز کو دبانے کیلئے شیڈول فور میں شامل کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت کی بھول ہے کہ عوامی قائدین کو شیڈول فور میں ڈال کر انکو خوفزدہ کریگی عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین شیڈول فور کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں اور پہلے سے بڑھ کر عوامی حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے پرعزم ہیں عوامی حقوق کی آڑ میں شیڈول فور کو قائدین اعزاز سمجھتے ہیں عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کو شیڈول فور میں ڈالنے پر عوام گلگت بلتستان کی طرف قائدین کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے قائدین کو اعزازی روایتی ٹوپی اور ہار پہناکر حوصلہ افزائی کی گئی۔
جلسے میں گلگت بلتستان میں مفت تعلیم اور مفت صحت کا مطالبہ کیا گیا جلسے میں محکمہ برقیات کی نااہلی پر برہمی کا اظہار کیا گیا اور فوری طور پر بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔جلسے میں ائیرپورٹ متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انکے مطالبات کو فوری حل کرنے اور انکا حق دینے کا مطالبہ کیا گیا۔