گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری سے معاشی خوشحالی آئے گی: صدر مملکت
اسلام آباد (وطین نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری سے معاشی خوشحالی آئے گی۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے گلگت بلتستان کے کونسل کے اراکین نے ملاقات کی،
صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت کو وفد نے گلگت بلتستان کی ترقیاتی اور مالی ضروریات بارے آگاہ کیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے بھی شرکت کی،
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، گلگت بلتستان کونسل کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسروں نے بھی شرکت کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت، تعلیم اور سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، صدر مملکت نے گلگت میں ہوائی اڈے کو وسعت دینے، گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان چین کے سنگم پر واقع ہے، گلگت بلتستان میں بے پناہ وسیع اقتصادی صلاحیت موجود ہے، اقتصادی صلاحیت سے عوامی مفاد میں استفادہ کیا جانا چاہئے، دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا معاملہ مناسب فورم پر اٹھایا جائے گا۔صدر مملکت کو وفد نے بتایا کہ صحت سہولت پروگرام کے بند ہونے سے گلگت بلتستان کے لوگ ہیلتھ انشورنس کی خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہیں،
صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت سہولت پروگرام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز دی۔وفد نے گلگت بلتستان کی ترقی، مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے وفد کو گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔