دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے کنٹریکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز اور مزدورں کی ناگہانی حادثے میں موت کی صورت میں پسماندگان کو مالی معاونت فراہم کرنے کی پالیسی کی منظوری
23فروری 2024: واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر کنٹریکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز کے لیے اہم پیکیج کا اعلان کردیا۔ ترجمان دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کےمطابق واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تمام کنٹریکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز اور مزدورں کےلیے کسی بھی ناگہانی حادثے میں موت کی صورت میں پسماندگان کو مالی معاونت فراہم کرنے کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ پالیسی کے مطابق خدا نخواستہ کسی بھی حادثےیا واقعے میں موت کی صورت میں واپڈا کی جانب سے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ ڈیم سائٹ پر یا کام کے دوران کسی حادثے میں شدید زخمی ورکرز کو فی کس 2 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر نزاکت حسین کی جانب سے ڈیم سائٹ پر کام کرنے والے وکررز کو مالی مدد فراہم کرنے کی سمری واپڈا اتھارٹی کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی تھی، جس کی چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کی زیرصدارت واپڈا اتھارٹی نے باضابطہ منظوری دی ہے۔ واضح رہے کہ یہ مالی امداد متعلقہ کنٹریکٹر کی بیمہ پالیسی سےالگ ہے۔ کسی بھی ناشگوار واقعے میں کسی ورکرریا مزدور کی موت یا زخمی ہونے کی صورت میں متعلقہ کنٹریکٹر یا کمپنی کی جانب سے پالیسی کے مطابق مکمل مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال 7 اپریل کو ڈیم سائٹ پر ناشگوار واقعے میں 3 وکررز کی شہادت کے بعد چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے ڈیم سائٹ پر دورے کے دوران شہدا کےلواحقین کو مالی مدد فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ واقعے میں زخمیوں کو کیش رقوم فراہم کیں تھیں۔