وفاقی اور صوبائی حکومت قراقرم یونیورسٹی کوخطیر گرانٹ دے، سیکرٹری کشمیر افئیرز
اسلام آباد(وطین نیوز)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے سیکرٹری کشمیر افیئرز وگلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری سے ملاقات کی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وائس چانسلر کے آئی یو نے یونیورسٹی میں جاری تعلیم وتحقیق، ترقیاتی منصوبوں اور جامعہ کو درپیش مالی مشکلات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ 2018سے جامعہ کی آپریشنل بجٹ میں تقریباًایک ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔لیکن ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے صرف 12کروڑ کا اضافہ دیاگیاہے۔تقریباً88کروڑ کا بوجھ جامعہ پر ڈالا گیاہے۔
جس کی وجہ سے یونیورسٹی مالی مشکلات سے دوچار ہے۔وائس چانسلر نے بتایا کہ اس وقت طلباء کی فیسوں میں اضافہ بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ طلباء کی اکثریت کا تعلق غریب علاقوں سے ہے۔
گزشتہ سال فیسوں میں اضافہ کیاگیاتو طلباء کی جانب سے شدید ردعمل سامنا آیااور طلباء نے مین کے کے ایچ کو بلاک کیا۔جس کی وجہ سے امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوا۔جس پر صوبائی حکومت کے کہنے پر فیسوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینا پڑا۔
اس سے جامعہ کو 30کروڑ روپے کا خسارہ کا سامنا کرنا پڑا۔بعد میں گلگت بلتستان کی حکومت کی طرف سے پانچ کروڑ روپے کا گرانٹ دیاگیا۔اس سال وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کی وجہ سے یونیورسٹی کا یہ خسارہ کم از کم 40سے 45کروڑ تک پہنچ جائے گا۔جس کو وفاقی اور صوبائی حکومت کی خصوصی مالی پیکچ کے بغیر کم کرنا ممکن نہیں ہے۔بلکہ مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری کشمیر افیئرز اینڈ گلگت بلتستان نے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون کرنے کی یقین دلایتے ہوئے کہاکہ علم وتحقیق کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس کے لیے وفاقی حکومت اور جی بی کی صوبائی حکومت کو لکھیں گے کہ وہ جامعہ کوخطیر گرانٹ دیاکریں تاکہ یونیورسٹی کے مالی امور بہتر طریقے سے چل سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ اس وقت تقریباًتمام صوبے بلخصوص سندھ حکومت اپنے جامعات کو سپورٹ کررہی ہے۔لہذا جی بی حکومت بھی جامعہ قراقرم کو معاونت کرے۔تاکہ جامعہ میں موجود دس ہزار طلبا ء تعلیم وتحقیق جاری رکھیں سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر نے سیکرٹری کشمیر آفیئرز اینڈ گلگت بلتستان کو حال ہی میں شائع ہونے والی پروجیکٹ پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ مینجمنٹ پر اپنی کتاب بھی پیش کی۔بعد ازاں وائس چانسلر نے وفاقی جوائنٹ سیکرٹری حامد خان سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے بات کی اور کہاکہ جامعہ کے دیرپا پائیداری کے لیے ضروری ہے کہ انڈومنٹ فنڈ ہو۔اس ضمن میں جوائنٹ سیکرٹری نے اپنی طرف سے ہرممکن تعاون فراہم کی یقین دہانی کرائی۔